پاکستان شوبز کے اداکار، ہدایت کار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے شہرت کو سنبھالنا ایک مشکل کام قرار دے دیا۔
شمعون عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ایکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام میں شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے سلیبرٹی کلچر کے نقصانات پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیبرٹی بننا اور مشہور ہونا کوئی آسان کام نہیں بلکہ ایک ذہنی دباؤ سے بھرپور زندگی ہے، اسی لیے وہ خود کو کبھی سلیبرٹی نہیں سمجھتے۔
شمعون عباسی نے کہا کہ شہرت کی دنیا عارضی ہوتی ہے، گلوکار، کھلاڑی یا اداکار جب اپنی کارکردگی کھو دیتے ہیں یا کوئی تنازع پیدا ہو جائے تو فوراً تنقید کا نشانہ بن جاتے ہیں اور ان کا وہ مقام ختم ہو جاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ لوگ جب شہرت کھو بیٹھتے ہیں تو وہ ذہنی دباؤ، بے چینی اور حتیٰ کہ نشے کی طرف بھی چلے جاتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ وہ پیدائشی سلیبرٹی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ سلیبرٹی بننا بُری بات نہیں، لیکن اس مقام کو برقرار رکھتے ہوئے عاجزی اختیار کرنا اور حقیقت پسندی اپنانا ضروری ہے کیونکہ جب آپ کی شہرت میں کمی آتی ہے تو آپ کے پاس پیسوں کی تنگی بھی شروع ہوجاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سلیبرٹی پیدا نہیں ہوتا، بلکہ وقت، حالات اور عوامی محبت اسے بناتے ہیں اور یہ وقت کے ساتھ ختم ہوجانے والی چیز ہے۔
ویڈیو کے اختتام پر شمعون عباسی نے مشورہ دیا کہ ہم جو کچھ کرتے ہیں وہ سکون کیلئے کرتے ہیں اس لئے اللہ سے ہر حال میں سکون اور آسانی کی دعا مانگیں۔