بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کو بہانہ بنا کر جس طرح پاکستان پر حملہ کیا گیا، ایسے میں عوام کے ساتھ ساتھ فنکار برادری بھی ملک کے لیے آواز اٹھاتی نظر آئی۔
جہاں بہت سے پاکستانی فنکار پہلگام حملے کی مذمت کرنے میں پیش پیش تھے وہیں بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کے بعد ان کا وہ ردِ عمل دیکھنے کو نہ ملا۔
البتہ کچھ فنکار ایسے بھی تھے جنہوں نے اس موقع پر اپنے جذبہ حب الوطنی کا نہ صرف بلا جھجھک مظاہرہ کیا بلکہ پاکستانی عوام ، فوج اور فنکاروں کے خلاف بھارتیوں کی نفرت کے آگے ڈٹے نظر آئے۔
ان ہی میں ایک اداکارہ حنا الطاف بھی ہیں جو حالیہ کشیدگی کے دوران کھل کر پاکستان اور پاکستان کے لوگوں کا دفاع کرتی نظر آئیں۔
اپنے اسی بیانیے کے سبب انہیں بھارتیوں کی جانب سے خاصی نفرت کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن حنا نے ایک سچے پاکستانی کی طرح اپنے ملک کے خلاف کوئی بات سننے سے انکار کردیا۔
اسی دوران مختلف معاملات پر حنا نے دو ٹوک مؤقف اپنایا بلکہ تنقید کا سامنا کرنے والے ساتھی اداکاروں کے لیے بھی آواز اٹھائی۔
دوسری جانب بھارت میں حالیہ کشیدگی کے دوران بہت سے لوگوں سے چہرے پر چڑھا نقاب ایسے اترا کے ان کی اصلیت سامنے آگئی۔
انہی میں ایک بھارتی یوٹیوب انفلوئنسر دھرو راٹھی بھی ہیں جو بھارتی حکومت اور ہندو انتہا پسندی کے خلاف کھل کر بولنے کے لیے مشہور تھے اور اپنے غیر جانب دار حقائق پر مبنی مؤقف کے سبب پاکستانیوں میں بھی خاصے مقبول تھے۔
تاہم حیرت انگیز طور پر حالیہ تناز ع کے دوران دھرو راٹھی کھل کر بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی حمایت اور پاکستان کے خلاف الزامات لگاتے نظر آئے۔
ایک حالیہ ویڈیو میں دھرو نے پاکستان پر دہشت گردی کو اسپانسر کرنے الزام لگانے کے ساتھ پاکستان کو واپس ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں دھکیلنے کی مہم کی بنیاد رکھی۔
خیال رہے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے ہونے والی فنڈنگ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے 4 سال کی طویل جدوجہد کے بعد پاکستان کو 2022 میں گرے لسٹ سے خارج کیا تھا۔
اس لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور دیگر مالی معاملات کو خاصہ دھچکا پہنچا تھا۔
اب دھرو راٹھی کی جانب سے اس مذموم مہم کے شروع کیے جانے پر حنا الطاف نے بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

حنا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ‘تم سوشل میڈیا پر پاکستان کو دوبارہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کا ٹرینڈ چلانا چاہتے ہو؟ تم اپنے ہوش میں تو ہو؟’
ادکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ‘تم لوگوں میں سے ہر ایک نفرت سے بھرا ہوا ہے، شرم کرو’۔
حنا نے لکھا کہ ‘جہاں تک مجھے معلوم ہے تم انڈیا میں رہتے تک نہیں ہو، پہلے اپنے ملک میں واپس آؤ اور نفرت اور اپنا جانب دارانہ بیانیہ پھیلانے سے پہلے حقائق دیکھو’۔