بالی وڈ کے ‘بادشاہ’ اداکار شاہ رخ خان کی سِدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی موسٹ اوویٹڈ فلم ’کِنگ‘ میں مایہ ناز بھارتی اداکارہ رانی مکھرجی بھی اہم کردار نبھانے کیلئے تیار ہیں۔
اس فلم کا شمار پہلے ہی سال کی سب سے زیادہ زیرِ بحث فلموں میں ہو رہا ہے، اور اب بڑی اسٹار کاسٹ کے ساتھ بھرپور فلم میں رانی مکھرجی کی انٹری نے شائقین کی دلچسپی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی فلم کی کاسٹ میں شامل شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی ماں کا کردار ادا کریں گی، جو اگرچہ ایک مختصر مگر نہایت اہم اور جذباتی کردار ہے جو فلم کی کہانی کا جذباتی مرکز ہوگا۔
رانی مکھرجی اور شاہ رخ خان کی جوڑی اس سے پہلے کئی مقبول فلموں میں ایک ساتھ نظر آ چکی ہے، جن میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، اور ’کبھی الوداع نہ کہنا’ شامل ہیں، فلم ’کِنگ‘ ان دونوں کو برسوں بعد ایک ساتھ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔
رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ اگرچہ رانی مکھرجی کا فلم میں صرف 5 دن کا شوٹنگ شیڈول ہے، مگر وہ فوراً اس کردار کے لیے رضامند ہو گئیں۔
ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ ‘رانی کے لیے شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند کی پیشکش کو قبول کرنا ایک آسان فیصلہ تھا، انہوں نے کردار کی تفصیلات سنیں اور فوراً ہاں کر دی، ان کا کردار فلم ’کِنگ‘ میں انتہائی جذباتی اہمیت کا حامل ہے، جو فلم کی جذباتی گہرائی کو بڑھاتا ہے’۔
اس سے قبل خبریں گردش میں تھیں کہ سہانا خان کی والدہ کا کردار دیپیکا پڈوکون ادا کریں گی، لیکن اب اس کی تصدیق ہو چکی ہے کہ یہ کردار رانی مکھرجی کے حصے میں آیا ہے۔