تازہ تر ین

حب الوطنی میں وقار لازم ہے، افتخار ٹھاکر کا بھارتی پنجابی فلموں میں کام سے انکار

اسٹیج اور ڈراما انڈسٹری کے مقبول مزاحیہ اداکار اور میزبان افتخار ٹھاکر نے بھارت کی پنجابی شوبز ستاروں کو کرارا جواب دیدیا۔

معروف اداکار افتخار ٹھاکر نے نفرت آمیز بیانات دینے والے بھارتی فنکاروں اور سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محبت ہو یا حب الوطنی، شائستگی اور تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا کہ میں وہ پہلا پاکستانی فنکار تھا جس نے بھارتی پنجابی فلموں میں کام کیا اور شاید اب آخری بھی ہوں کیوں کہ میں اس دروازے کو بند کرنے کا اعلان کر رہا ہوں۔

افتخار ٹھاکر نے کہا کہ میرے ایک بیان پر چند بھارتی فنکار ناراض ہوگئے۔ سِمی چوہل، دلجیت دوسانج، اور امرندر گِل میرے دوست ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ ان سب نے میرے ایک بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ میں ان سب کی عزت بھی کرتا ہوں۔

افتخار ٹھاکر نے کہا کہ لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ جو بہادر ماؤں کا دودھ پیتے ہیں وہ دوسروں سے ہمیشہ عزت اور وقار سے بات کرتے ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو بدزبان ہوتے ہیں اور اخلاقیات کی حدود پار کر جاتے ہیں۔

افتخار ٹھاکر نے کہا کہ اگر میری بات سے بھارتی دوستوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی تو میں دلی معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد ہرگز کسی کی دل آزاری نہیں تھی۔

اداکار نے کہا کہ میرا بیان جنگ کو ہوا دینے اور سنسنی پھیلانے والے بھارتی فوجی تجزیہ کاروں، خاص طور پر میجر گورو آریہ اور جنرل بخشی جیسے انتہا پسندوں کے لیے تھا۔

خیال رہے کہ افتخار ٹھاکر پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی یکساں طور پر مقبول ہیں اور انھوں نے کئی بھارتی فلموں میں کام بھی کیا ہے۔

افتخار ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی سورماؤں سے کہا تھا کہ اگر تم ہوا کے راستے آؤ گے تو بکھر جاؤ گے، پانی کے ذریعے آئے تو ڈوب جاؤ گے، اور زمین سے آئے تو دفن کر دیئے جاؤ گے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain