چین کے سائنسدانوں نے کیڑے کے دماغ کو کنٹرول کرنیوالی دنیا کی سب سے ہلکی ڈیوائس تیار کرلی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہد کی مکھی کے دماغ کو کنٹرول کرنیوالی اس چھوٹی سی ڈیوائس کا وزن 74 ملی گرام ہے، اس طرح یہ ڈیوائس شہد کی مکھی کے پیٹ میں موجود اس خانے سے بھی ہلکی ہے جس میں مکھی شہد جمع کرتی ہے۔
واضح رہے کہ شہد کی مکھیاں عام طور پر جس خانے میں شہد کو جمع کرتی ہیں اس کا وزن تقریباً 80 گرام ہوتا ہے۔
بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس ڈیوائس کے تحت چھوٹے کیڑوں کے دماغ کو کنٹرول کرکے آفت زدہ علاقوں مثلاً زلزلوں کے دوران بچ جانے والے افراد کو ریسکیو کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
چین کی سائبورگ مکھیاں
پروفیسر ژاؤ جیلیانگ کی قیادت میں بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ایک ٹیم نے ایک ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو کیڑوں کے دماغ تک پہنچ کر انھیں کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس ڈیوائس کو شہد کی مکھی کی کمر سے باندھ کر 3 سوئیاں اس کے دماغ سے جوڑی جاتی ہیں ، جس کے بعد آپریٹر برقی پلسز کے تحت مخصوص سمتوں میں مکھیوں کو اڑنے کی ہدایت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کے دوران 90 فیصد شہد کی مکھیوں نے ان احکامات کی تعمیل کی۔
تحقیق کے دوران سائنسدان شہد کی مکھیوں کو مختلف سمتوں میں حرکت دینے میں کامیاب رہے لیکن سائنسدان اب بھی اس آلے کو مزید بہتر بنانے پر متفق ہیں تاکہ مستقبل میں مشکل ترین ریسکیو آپریشز چھوٹے کیڑوں کی مدد آسان بنانے میں مدد مل سکے۔