فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی طرف سے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کو فلسطینیوں کے حقوق کی فتح قرار دیا۔
حماس رہنما محمود مرداوی نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت فلسطینی حقوق اور ہمارے مقصد کی عدل و انصاف میں فتح کی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنا واضح پیغام دیتی ہے کہ قابض فورسز اپنے جرائم میں کتنی ہی دور تک چلی جائیں، وہ کبھی بھی ہمارے قومی حقوق نہیں مٹاسکتی۔
ادھر حماس ترجمان نے اس اقدام کو فلسطینی عوام کے لیے ایک اہم کامیابی اور ان کے حقوق کی عالمی سطح پر توثیق قرار دیا۔ اپنے بیان میں حماس ترجمان نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہوگا۔
یاد رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کو پرتگال کی خارجہ پالیسی کی ایک بنیادی اور مستقل سوچ قرار دیا۔