قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ایشیا کپ کے فائنل میں پھر سے پاک بھارت ٹاکرے کا امکان ظاہر کردیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا دوبارہ سامنا کریں گے۔
بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد مخصوص انداز میں خوشی منانے پر ان کا کہنا تھا کہ میں شاذ و نادر ہی نصف سنچری کے بعد جشن مناتا ہوں۔ یہ خیال خود بخود ہی آگیا تھا کہ اس طرح جشن مناؤں، مجھے پروا نہیں کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے اعتماد ملا۔ آگے بھی اس کومبی نیشن کو برقرار رکھیں گے۔
یاد رہے پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف اور 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔
سپر فور مرحلے میں ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔