تازہ تر ین

بھارت اور چین کے درمیان 5 سال بعد براہِ راست پروازوں کی بحالی

بھارت اور چین کے درمیان پانچ سال بعد براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، حکام کے مطابق بکنگ کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ پروازیں اکتوبر کے آخر تک دوبارہ شروع ہوں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، بھارت اور چین کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 2020 میں کووِڈ-19 وبا کے دوران معطل کی گئی تھی، جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی بھی بڑھ گئی تھی۔ تاہم اب تعلقات میں بتدریج بہتری آنے کے بعد فضائی رابطے بحال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

بھارتی وزارتِ ہوا بازی کے مطابق، پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط، سیاحت اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

بھارتی ایئرلائن انڈیگو (IndiGo) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 26 اکتوبر سے کولکتہ اور گوانگژو کے درمیان روزانہ براہِ راست پروازیں شروع کرے گی، جس کے بعد سروس کو نئی دہلی تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ ایئرلائن کے مطابق یہ پروازیں سرحد پار تجارت اور کاروباری شراکت داریوں کو دوبارہ فعال کرنے میں مددگار ہوں گی۔

چین اور بھارت کے تعلقات 2020 میں اس وقت بگڑ گئے تھے، جب ہمالیہ کی متنازع سرحد پر جھڑپ میں 20 بھارتی اور 4 چینی فوجی مارے گئے تھے۔ تاہم حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے مذاکرات، تجارتی تعاون اور مذہبی سیاحت کے ذریعے تعلقات میں نرمی پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain