کراچی: وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو کوئی بولے ہم آپ کی انگلی توڑ دیں گے تو کیا ہم ڈر جائینگے، ہم نہیں ڈرینگے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کچھ دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے مسلسل تنقید کا مقصد سمجھ سے باہر ہے، وزیراعلیٰ کا اسکرپٹ رائٹر ان کو غلط راہ پر لے جا رہا ہے، اسکرپٹ رائٹر نے انہیں کہا اب پنجاب کارڈ کھیلو، کارکردگی پر تنقیدکریں، اختلاف ہو سکتے ہیں مگر نفرت نہ پھیلائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہیں، لیکن ایشوز پر حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم تو آپ سے بات نہیں کر رہے، وفاق سے کر رہے ہیں، پنجاب حکومت کا اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے، ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب حکومت کی وفاق حکومت کیخلاف ہونے والی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کوئی بولے ہم آپ کی انگلی توڑ دیں گے، آپ کو لگتا ہے ہم ڈر جائینگے؟ کیا کوڑے اور پھانسیاں جھیلنے والے گیدڑ بھپکیوں سے ڈر جائیں گے ؟ وزیرقانون نے قومی اسمبلی کے فلور پر وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر معافی مانگی، ہم آپ سے لڑنا نہیں چاہتے، آپ زبردستی ہمیں میدان میں نہ اتاریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ میرا پانی میری مرضی جیسی باتیں کوئی آئین کو ماننے والا نہیں کر سکتا، میں بھی میری بجلی میری گیس، میرا کوئلہ میری مرضی کہہ سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 100 کام کیے اور ہم دکھا سکتے ہیں، ہم نے ای وی بس شروع کی، ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اطلاعات سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن کا بحث کا چیلنج قبول کیا اور کہا آپ خود آئیے گا ضرور، کسی پراکسی کے پیچھے مت چھپیے گا، پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا آپ کا بیانیہ ناکام ہوگیا۔
بعد ازاں عظمیٰ بخاری کے بیان پر شرجیل میمن نے کہا آپ کو جس پوائنٹ پر بحث کرنی ہے آپ آجائیں، جس پلیٹ فارم پرکرنی ہیں آجائیں۔