کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو میں انور ابراہیم نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پیش کیا گیا امن منصوبہ مکمل نہیں ہے اور اس کے کئی پہلو ایسے ہیں جن سے ہم متفق نہیں، تاہم فی الحال ہماری سب سے بڑی ترجیح فلسطینی عوام کی جانیں بچانا ہے۔
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ عرب اور اسلامی ممالک کی جانب سے منصوبے کی حمایت کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس کی ہر شق سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک اجتماعی کوشش ہے تاکہ خونریزی اور بے دخلی کو روکا جا سکے اور فلسطینی عوام کو غزہ واپس جانے کا موقع دیا جا سکے۔
دوسری جانب الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حماس نے صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی امن منصوبے پر اپنا جواب ثالثوں کو جمع کرادیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حماس نے منصوبے کو بڑی حد تک قبول کرلیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ سے مکمل انخلا کرے تو وہ تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔