کراچی ٹریفک پولیس کے سربراہ ڈی آئی جی پیر محمد شاہ دوسروں کو نصیحت خود میاں فضیحت کی عملی تصویر بن گئے، ڈی آئی جی ٹریفک کے زیر استعمال گاڑی کا سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر 10 ہزار روپے کا ای چالان ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے زیر استعمال سرکاری گاڑی کا بھی ای چالان ہوگیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے چالان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی کا چالان گارڈن کے قریب ہوا ہے جسے ڈرائیور چلارہا تھا، 10 ہزار روپے کا چالان سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر ہوا، یقینی طور پر چالان بھروں گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ گاڑی سینٹرل پولیس آفس کے پتے پر رجسٹرڈ ہے، چالان کے بعد ڈرائیور پر سختی کی ہے کہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں 27 اکتوبر کو ای چالان کا نظام نافذ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ابتدائی روزمجموعی طور پر 2 ہزار 662 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ پہلے روز اوور اسپیڈنگ پر 419، لین لائن کی خلاف ورزی پر 3، اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ایک ہزار 532، ریڈ لائٹ کراس کرنے پر 166 چالان کیے گئے تھے۔
اسی طرح ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 507 ای چالان کیے گئے، کالے شیشے لگانے پر 7، غلط پارکنگ پر 5، نو پارکنگ زون میں گاڑی کھڑی کرنے پر 5، موبائل فون کے استعمال پر 32 ای چالان کیے گئے تھے۔





































