تہران:
ایران میں معاشی بحران کے باعث پھیلنے والے پرتشدد مظاہروں کے درمیان چیف جسٹس غلام حسین محسنی ایجئی نے فسادیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے جائز مطالبات سنے جائیں گے، مگر تخریب کار عناصر اور ان کے حامیوں کے ساتھ اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
عدلیہ کی میزان نیوز ایجنسی کے مطابق چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل اور صوبائی پراسیکیوٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ قانون کی سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن اسلامی جمہوریہ عوامی احتجاج اور شرپسندی میں واضح فرق کرتی ہے۔
دریں اثنا، مہنگائی اور ریال کی تاریخی گراوٹ کے خلاف مظاہرے نویں روز بھی جاری ہیں، جو اب 78 شہروں تک پھیل چکے ہیں۔






































