پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل جاری ہے، ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خرید لی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائز شامل کرنے کے لیے آج بولی کا عمل اسلام آباد جناح کنونشن میں جاری ہے جس میں دس گروپس شرکت کررہے تھے تاہم علی ترین گروپ نیلامی سے عین وقت پر دست بردار ہوگیا بعدازاں 9 گروپس نیلامی میں شریک ہیں۔
ساتویں فرنچائز کی نیلامی کے لیے اولین رقم ایک ارب 10 کروڑ روپے رکھی گئی، آئی ٹو سی گروپ کی جانب سے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی گئی، پرزم گروپ نے پانچ منٹ کے وقفے کے بعد مزید بولی بڑھانے سے معذرت کر لی۔
ایف کے ایس نے بولی میں 13 کروڑ کا اضافہ کیا جس پر بولی 1ارب 68کروڑ تک پہنچ گئی۔ آئی ٹو سی نے نئی پی ایس ایل ٹیم کے لیے 1ارب 70کروڑ کی بولی لگا دی تاہم ایف کے ایس گروپ نے 1 ارب75 کروڑ کی بولی لگاکر ساتویں فرنچائز کی نیلامی جیت لی اور اس فرنچائز کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔
قبل ازیں تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔

ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام میں دیے گئے۔

کامیاب پارٹیوں کو اختیار ہے کہ وہ راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے ٹیموں کے نام منتخب کرسکیں۔





































