اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ شامل ہوگئیں، ایف کے ایس گروپ نے ٹیم 175 کروڑ روپے جبکہ اوزی ڈیولپرز نے ٹیم 185 کروڑ روپے میں خرید لی۔
پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کیلئے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد بولی میں 9 پارٹیاں شریک تھیں۔
حیدرآباد پی ایس ایل میں شامل
پہلے ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی 7ویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی اور ٹیم کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کرلیا۔
مالک حیدرآبادٹیم فواد سرور کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پلا بڑھا، ہم ٹیم خرید کر ہی جانا چاہتے تھے۔
سیالکوٹ پی ایس ایل میں شامل
پی ایس ایل کی 8 ویں ٹیم کیلئے خوب مقابلہ ہوا تاہم اوزی ڈیولپرز نے ٹیم 185 کروڑ روپے میں خرید لی اور ٹیم کیلئے سیالکوٹ شہر کا نام منتخب کیا۔
پی ایس ایل کی 7ویں اور 8 ویں ٹیم مجموعی طور پر 3ارب 60کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔
اس طرح پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمیں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے اب مجموعی ٹیموں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر تقریب براہ راست نشر کر رہا تھا۔
وزیرِ اعظم نے پی ایس ایل ٹیموں کے کامیاب آکشن پر کرکٹ بورڈ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیموں کی شمولیت نے پی ایس ایل میں نئی روح پھونک دی ۔
نیلامی کی تقریب میں ہانگ کانگ سکسز اور اے ایف سی ایشیا کپ کی فاتح ٹیم پاکستان شاہینز اور انفرادی طور پر کھلاڑیوں کو بھی انعامات دیے گئے ۔
تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تاڑر نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا۔





































