سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ صوفی شائن سے منگنی کا اعلان کر دیا۔
بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ صوفی شائن سے منگنی کا باضابطہ اعلان انسٹاگرام پر کیا۔
شیکھر دھون نے پیر کو ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے یہ خوشخبری اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
منگنی کے اعلان کے موقع پر شیکھر دھون نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ‘مسکراہٹوں سے خوابوں تک کا سفر، ہم ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ ہونے کا انتخاب کر رہے ہیں، ہماری منگنی پر ملنے والی محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں کے لیے شکر گزار ہوں’ ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیکھر دھون اور صوفی شائن کافی عرصے سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے اور گزشتہ سال یکم مئی کو دونوں نے سوشل میڈیا پر پہلی بار اپنے رشتے کا عوامی طور پر اعتراف کیا تھا۔
صوفی شائن کون ہیں؟
لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق صوفی شائن آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک پروڈکٹ کنسلٹنٹ ہیں اور اس وقت امریکی کمپنی نادرن ٹرسٹ کارپوریشن میں سیکنڈ وائس پریذیڈنٹ ، پروڈکٹ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شیکھر دھون اور صوفی شائن کی شادی فروری میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ شیکھر دھون اور ان کی سابق اہلیہ عائشہ مکھرجی کی اکتوبر 2023 میں باضابطہ علیحدگی ہو گئی تھی، جس کے ساتھ ان کی 11 سالہ شادی کا اختتام ہوا۔






































