اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے پر راضی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کا مطالبہ تھا عمران خان کوکم از کم 10 دن شفا اسپتال میں رکھا جائے، حکومت مکمل علاج تک بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں رکھنے پر راضی تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومتی شرط تھی کہ علاج کی معلومات ظاہر کی جائیں گی نہ کارکنوں کو بلایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب عمران خان کی اسپتال منتقلی کےانتظامات ہوچکےتھے، عمران خان اور پارٹی قیادت کے لیےگاڑیاں بھی تیار ہو چکی تھیں۔
پارٹی ذائع کے مطابق عمران خان کی بہنوں سے رابطہ کرکے اہل خانہ میں سےنام مانگا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر عظمیٰ کا نام دیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی طرف سے دیےگئے ناموں کو حکومت نے تسلیم نہیں کیا جس پر ڈاکٹر برکی کا نام دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈاکٹر برکی کا نام بھی مسترد کیا جس سے عمران خان کی بہنیں برہم ہوئیں، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بتایا گیا حکومت نے قاسم زمان کا نام دیا ہے، حکومت کی جانب سے نام دینے پرقاسم زمان اوربانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے تشویش کا اظہارکیا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نام پر اتفاق نہ ہوا تو حکومت نے اتوار کی شب کہا اب اسپتال منتقلی ممکن نہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پارٹی قیادت نے پمز کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی، پارٹی قیادت نے حلف اٹھایا کہ ڈاکٹرز سے ملاقات کی تفصیلات پبلک نہیں کی جائیں گی۔




































