- لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے خلاف گندی اور گھٹیا سوشل میڈیا کمپین چلائی جا رہی ہے، یہ کمپین فتنہ پارٹی کی سوشل میڈیا بریگیڈ چلا رہی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نام نہاد یوٹیوبر بھگوڑے اس کمپین کے پیچھے ہیں، جب ان کے اوپر کوئی ایکشن ہو تو وہ سیاسی انتقام بنا دیا جاتا ہے یا کہا جاتا ہے کہ آزادی اظہار رائے پر قدغن لگائی جا رہی ہے، اس میں ان کی خواتین بھی شامل ہیں جن کے اکاؤنٹ سے گند بکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014 سے مریم نواز کے خلاف گند بکا جا رہا ہے، میں نہیں سمجھتی کوئی صحافی اپنے اکاؤنٹ سے اس طرح کی پوسٹیں کر سکتا ہے، جہاز کی آڑ میں ڈیڑھ سو وی لاگ ہوئے ٹی وی چینلز نے سو کے قریب پروگرام کئے لیکن کسی بڑے صحافی نے اس پر کام نہیں کیا کسی کو نہیں لگا اس گندگی کو اب ختم ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ باتیں ہمارے پاس بھی بہت ہیں باتیں ہم بھی بہت ساری کر سکتے ہیں لیکن یہ تربیت نہیں ملی ہے، ان کی ذاتی زندگی پر بہت باتیں کی جا سکتی ہیں لیکن ہمیں خود شرم آتی ہے اس پر کیا بات کریں، ہم سیاسی بات کریں گے کیونکہ ہم سیاسی لوگ ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف جہاز کی آڑ میں گھٹیا کمپین کر رہے ہیں میرا سوال ہے کیا باقی وزیر اعلیٰ رکشہ استعمال کرتے ہیں، فتنہ فساد پارٹی نے جو گندگی پھیلائی ہے ان کا وزیر اعظم 55 روپے کلو میٹر میں بنی گالہ کی شٹل سروس چلاتا تھا، جس نے وزیراعلیٰ ہاؤس کو یونیورسٹی بنانا تھا جس نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانی تھی، اس نے پچیس پچیس ہزار پر لوگوں کو بھرتی کیا وہ آج ٹرینڈ طور پر یہ سب کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بہانہ بنا کر انہوں نے جیسی کمپین کی ہے یہ بات ثابت کرتی ہے ان کی گھر کی تربیت بھی غلط ہے ان کی سیاسی تربیت بھی غلط ہے، مجھے ان کے گھر کی خواتین سے دلی ہمدردی ہے جو ان جیسے بیمار لوگوں کو برداشت کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کے گند سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اللہ تعالیٰ عزت دینے والا ہے، ان کا لیڈر پہلے بھی اپنے جلسوں میں ذومعنی گفتگو کیا کرتا تھا، وزیر اعلیٰ پنجاب پنجاب کی عوام کی خدمت کر رہی ہیں، 41 ارب روپے کا رمضان پیکج ہو وہ الیکٹرک بسیں ہوں، ایک سو تین ارب روپے کے آسان کاروبار کے قرضے ہوں، دہی رانی پروگرام ہو، ستھرا پنجاب کی ڈیڑھ لاکھ نوکریاں ہوں، ڈیڑھ لاکھ گھر بن رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 10 ارب روپے وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے بلوچستان کے بہن بھائیوں کیلئے دے کر آئی تھی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب کے بعد 200 ارب کا پیکج عوام کو دیا تھا، یہ گندی گھٹیا کمپین مریم نواز کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی لیکن لوگوں کو ایکسپوز ضرور کر گئی ہے۔






































