- کراچی: سندھ اسمبلی میں ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف قرارداد جمع کرا دی گئی۔
جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی محمد فاروق نے قرارداد جمع کرائی، جس میں کہا گیا کہ ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
قرارداد کے متن کے مطابق امریکا اور اسرائیل عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، ایران میں سکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی علاقوں پر بمباری انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
متن کے مطابق بچوں اور طالبات سمیت ہزاروں بے گناہ شہریوں کا قتل عام کیا گیا، اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
متن کے مطابق عالمی قوانین کے مطابق جنگ میں کسی ملک کے سربراہ کو نشانہ بنانا ممنوع ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے فوری جنگ بند کرائے۔




































