وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج کویت کے ولی عہد، شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔
گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور ان مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر بھی اظہار تشکر کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیراعظم نے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔





































