ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد شہری کو بہلا پھسلا کر نیچے اتار لیاکراچی:
ابراہیم حیدری میں گھریلو مسائل سے تنگ شہری ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا۔
تفصیلات کےمطابق زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے ابراہیم حیدری پاسبان چوک کے قریب ایک شہری ہائی ٹینشن لائن کے پول پر چڑھ گیا جسے ایک گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بہلا پھسلا کر نیچے اتار لیا۔ موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق پول پر چڑھنے والے شہری کی شناخت عبد الحکیم کے نام سے کی گئی جو علی اکبر گوٹھ ابراہیم حیدری کا رہائشی ہے۔ عبد الحکیم نے گھریلو مسائل سے تنگ آکر یہ قدم اٹھایا۔
ریسکیو اہلکار سیڑھی کے ذریعے پول پر چڑھے اور شہری کو بات چیت کے بعد اترنے پر آمادہ کیا۔ پولیس نے اسے تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا جہاں اسے اس کے بھائی کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے بھائی کو ہدایت کی کہ اس کا اسپتال میں معائنہ کرایا جائے۔




































