پنجاب کے نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا ابتدائی حجم تیار کر لیا گیا۔
ذرائع پنجاب اسمبلی کے مطابق نئے مالی سال 2026-27 میں پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 1450 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، پی اینڈ ڈی بورڈ نے نئے مالی سال کے اے ڈی پی کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں 1824 اسکیمیں شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 2347 ارب روپے تجویز کی گئی ہے، ترجیحی منصوبوں کے لیے آیندہ سال کے لیے 580 سے 780 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ترجیحی منصوبوں پر200 ارب روپے تک بلاک ایلوکیشن کی تجویز ہے جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر سرفہرست ہے جس کے 303 ارب روپے کے منصوبوں کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں صاف پانی، مثالی گاؤں اور دیگر منصوبے بجٹ کا حصہ بنانے کی تجویز بھی شامل ہے، مثالی گاؤں کے لیے 30 ارب، سڑکیں بحالی پروگرام کے لیے 42 ارب روپے کی تجویز ہے۔
صاف پانی کے لیے 25 ارب روپے،کنٹونمنٹ بورڈ کے لیے7 ارب روپےکی تجاویز ہے جبکہ پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے 200 سے 250 ارب روپے مختص کرنےکی تجویز ہے۔





































