اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف سکیم میں عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت دی ہے۔وزیراعظم کی جانب سے سکیم میں 20سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو فوری شامل کرنیکی ہدایت کردی گئی ہے۔یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹرسائیکلیں، رکشے اور چنگ چی سکیم میں رجسٹریشن کیلئے اہل ہوں گے ،جس کے بعد ریلیف سکیم سے 20سال پرانی موٹرسائیکل، رکشے اور چنگ چی چلانے والے بھی مستفید ہوسکیں گے۔دریں اثناء وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت اب تک 10لاکھ سے زائد رجسٹریشنز مکمل ہوچکی ہیں ۔ وزارت آئی ٹی کے مطابق24گھنٹے کنٹرول روم سے ملک بھر میں سکیم کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے۔وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ فیول ریلیف سکیم کے تحت اب تک 10لاکھ سے زائد رجسٹریشنز مکمل ہوچکی ہیں جبکہ ملک بھر میں اب تک 8لاکھ سے زائد ٹوکنز جنریٹ کیے گئے۔وزارت آئی ٹی نے مزید بتایا کہ ٹوکنز ریڈیمپشن کی فہرست میں پنجاب اور اسلام آباد سب سے آگے ہیں، پی ایم ریلیف اسکیم سے ملک میں مستحق لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم خصوصی ریلیف سکیم کے تحت پاکستان بھر میں 100روپے فی لٹر رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر سے سکیم سے متعلق موصول ہونے والی آرا کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500روپے کی رعایت ملے گی۔ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا اور ایک مہینے میں مجموعی طور پر 4ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔سکیم میں 800سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر 10روز میں 10لٹر پٹرول پر 100روپے فی لٹر کی رعایت حاصل کریں گے، یوں ایک مہینے میں 10لٹر کے 3ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔
فیول سکیم
