کراچی(این این آئی)پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیدرلینڈکے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کی قیادت میں ڈچ کاروباری وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دورہ کیا، جہاں وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔دورے کے دوران سیکریٹری ایپکس کمیٹی ایس آئی ایف سی ڈاکٹر جہانزیب نے ڈچ وفد کو سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو سہولت کاری کے نظام اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بریفنگ دی۔ وفد کو کراچی انڈسٹریل پارک اور بن قاسم انڈسٹریل پارک سمیت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) کے تحت تجارتی سہولتوں اور کاروباری اصلاحات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
