لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ایک سیاسی جماعت مسلسل احتجاج اور محاذ آرائی کی سیاست پر عمل پیرا ہے، اگر تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار نہیں، وزیراعظم ہائوس آنا چاہتی ہے نہ کسی معاہدے پر دستخط کرنا چاہتی ہے تو کسی کو زبردستی بات چیت پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی ماحول اس قدر تقسیم ہو چکا ہے کہ اسے بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،حکومت کے پاس ایک بڑا موقع تھا کہ سیاسی تقسیم کم کی جاتی اور مذاکرات کے ذریعے ایسا طریقہ کار وضع کیا جاتا جس سے بات چیت کے راستے کھلتے۔حکومت نے اس مقصد کے لیے کوششیں بھی کیں لیکن بدقسمتی سے ملک میں ایک سیاسی جماعت ایسی ہے جس کا بظاہر مقصد سیاست کو مسلسل اشتعال اور محاذ آرائی کی طرف لے جانا ہے۔مصدق ملک نے دہشتگردی کے معاملے پر تحریک انصاف کے موقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایک طرف یہ جماعت طالبان کے حق یا مخالفت میں واضح بیان دینے کے لیے تیار نہیں اور دوسری جانب دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کی بھی مخالفت کرتی ہے۔

