اسلام آباد( این این آئی)پاکستان نے عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی آوازموثر بنانے کے لئے جی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی،وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین بن گئے ہیں۔اس موقع پرمحمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیرممالک کی مناسب نمائندگی اورمنصفانہ مالیاتی نظام کے لیے آواز بلندکرے گا،عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے،معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری،روزگار اورعوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔وزیرخزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زوردیا دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت فراہم کی جائے،قرضوں کے مسائل کا پائیدارحل نکالا جائے اورموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان جی 24 کی سربراہی میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا،ترقی پذیرممالک میں سرکاری اورنجی سرمایہ کاری بڑھانے کیساتھ معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیرممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے ،پاکستان ترقی پذیرممالک کی اجتماعی آوازکو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لییاپنا کردار ادا کرے گا۔
پاکستان نے عالمی مالیاتی نظام میں جی 24 گروپ کی سربراہی سنبھال لی اورنگزیب نئے چئرمین بن گے
