لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے گندم کی
امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی ہے اور کسانوں کو مقررہ امدادی قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔کسان فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں، کھادوں کا غیر متوازن استعمال نہ صرف زرعی پیداوار بلکہ زمین کی زرخیزی کو بھی متاثر کرتا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مٹی کے تجزیے کی بنیاد پر کھادوں کا استعمال پیداوار میں اضافے کا موثرذریعہ ہے،معیاری بیج، متوازن کھاد اور جدید زرعی طریقے گندم کی بہتر پیداوار کے لیے ضروری ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کسانوں کی آمدن اور ملکی غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے،کسان زرعی ماہرین کی سفارشات کے مطابق کھادوں کا بروقت استعمال کریں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کے معاشی تحفظ اور زرعی شعبے کے استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت اور کسانوں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
گندم کی امدادی قیمت 4500روپے فی من مقرر، حکومت کسانوں کو ادائیگی یقینی بنائے گی: رانا تنویر

