، ریاض ( ویب ڈیسک ) یمن کے جنوب مغربی صوبے لحج میں بسوں اور ٹرکوں پر فضائی حملے کے نتیجے میں 26افراد ہلاک ہوگئے، حوثی باغیوں اور یمنی حکومتی افواج نے ایک دوسرے کو حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا، ادھر حوثیوں نے ایک ہفتے میں دوسری بار ریاض کی سب سے بلند عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کے روز سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے طیاروں نے لحج میں حوثیوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔مقامی حکام نے بتایا کہ یمنی اتحادی فوج کے اس حملے کے وقت وہاں سے ایک ٹرک اور مسافر بس بھی گزر رہی تھی جو زد میں آگئے۔ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ حملے میں مارے گئے افراد میں 12 حوثی جنگجو تھے جبکہ 14 شہری بھی ہلاک ہوئے جو بس اور ٹرک میں سوار تھے۔عینی شاہدین نے جائے وقوعہ پر بس اور ٹرک کے اندر جلی ہوئی لاشیں دیکھنے کی اطلاع بھی دی جبکہ متعدد زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا۔دوسری جانب حوثیوں کے فوجی ترجمان نے حملے کا الزام سعودی فضائیہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔ادھر یمنی حکومتی افواج کے ترجمان ماجد الناظلی نے حملے کا الزام حوثیوں پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں نے عوامی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جن پر کسی قسم کی فوجی شناخت موجود نہیں تھی۔ادھر حوثیوں کی وزارت مواصلات نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ روز ساحلی صوبے حدیدہ میں ہونے والے الگ الگ حملوں میں مزید 17 افراد جاں بحق اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں حالیہ ہفتوں کے دوران شدت آئی ہے۔ حوثی اب عبوری دارالحکومت عدن کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ادھر ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع سعودی سرمایہ کاری فنڈ کے مرکزی دفتر کو ایک ہفتے میں دوسری بار نشانہ بنایا گیا۔سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ حملے کا نشانہ بنایا گیا اس عمارت میں سعودیہ کے مالیاتی مرکز کا دفتر بھی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کو ایک نامعلوم سمت سے آنے والا گولہ ریاض کے کاروباری اور مالیاتی مرکز میں واقع بلند عمارت سے ٹکرایا۔خیال رہے کہ اس عمارت میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف)کا مرکزی دفتر بھی ہے۔سعودی قیادت میں یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حملہ قرار دیا۔تاحال سعودی حکام نے حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی تازہ حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول کی ہے۔یاد رہے کہ 19 نومبر کو بھی ریاض کے اسی مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف ٹاور پر حملہ ہوا تھا جس سے عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔تقریبا 385 میٹر بلند یہ عمارت سعودی عرب کی اہم ترین مالیاتی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان کے معاشی ترقی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کا صدر دفتر ہے۔
فضائی حملے
