ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ کی سپر اسٹار اور سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا جو اپنے دلیرانہ اور منفرد کرداروں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں گوری رنگت نہ ہونے کے باعث ہالی وڈ میں فلم نہیں ملی۔خیال رہے کہ 35 سالہ پریانکا چوپڑا کی اصل رنگت سانولی یا گندمی ہے، تاہم وہ 18 سال قبل 2000 میں محض 17سال کی عمر میں مس ورلڈ منتخب ہوئی تھیں۔مس ورلڈ منتخب ہونے کے بعد بالی وڈ میں اداکاری کی شروعات کرنے والی پریانکا چوپڑا اس وقت 50 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔اگرچہ وہ گزشتہ برس پہلی ہالی وڈ فلم بے واچ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں تھیں اور اس سے قبل وہ ایکشن تھرلر ڈرامے کوانٹیکو میں بھی نظر آئیں تھیں۔تاہم اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سانولی رنگت کی وجہ سے ایک ہالی وڈ فلم میں کاسٹ کرنے سے انکار کردیا گیا۔پریانکا چوپڑا اس سے قبل بھی اعتراف کر چکی ہیں کہ سانولی رنگت کی وجہ سے انہیں ابتدائی کیریئر میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سات خون معاف، اعتراض، برفی، انداز، مجھ سے شادی کروگی، باجی را مستانی، ڈون، کرش، فیشن، جے گنگا جل اور میری کوم جیسی فلموں میں اداکاری دکھا چکی ہیں۔