تازہ تر ین

ن لیگ میں پت جھڑ جاری‘مزید 3ارکان اسمبلی با غی

مظفرگڑھ،اوچشریف(نمائندگان)مسلم لیگ(ن) میں ”پت جھڑ“ کا سلسلہ جاری ہے مزید تین ارکان اسمبلی ”باغی“ بن گئے۔ جبکہ ایم پی اے مخدوم افتخار گیلانی نے ھی صوبہ محاذ میں شمولیت اختیار کرلی۔ مظفرگڑھ سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ضلع مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے تین ارکان صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔مسلم لیگ (ن) کو چھوڑنے والوں میں ایم پی اے ملک مرتضیٰ رحیم کھر، خان محمد خان جتوئی اور میاں علمدار قریشی شامل ہیں۔ ایم پی اے خان محمد خان جتوئی سپریم کورٹ میں پیشی کی وجہ سے نہ آسکے اور اپنے بیٹے شہروز خان کو جلسہ میں بھیج کر شمولیت کا اعلان کرایا۔میاں ذیشان گرمانی ایم پی اے گزشتہ روز اعلان کرچکے اور یہ چاروں ارکان صوبائی اسمبلی آزاد حیثیت سے کامیاب ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے تھے۔ چوک سرور شہید میں ایم پی اے ملک مرتضیٰ رحیم کھر کی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے عہدیداران کے جلسہ میں ایم این اے رانا قاسم نون، ایم این اے سید باسط سلطان بخاری، ایم این اے چودھری طاہر اقبال اور صوبائی ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ خان محمد خان جتوئی اور مرتضیٰ رحیم کھر کے ترقیاتی فنڈز ایک سال سے بند تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مرتضیٰ رحیم کھر کو فنڈز دیکر واپس لے لئے گئے پنجاب حکومت ان اراکین کے پارٹی چھوڑنے سے آگاہ تھی جبکہ میاں علمدار عباس قریشی ،جو کہ یونین ناظم کا الیکشن ہار گئے تھے 2013 ءمیں جمشید احمد دستی کی بھرپور حمایت سے ریکارڈ ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے پھر جمشید دستی کو بائی پاس کرکے راتوں رات مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے تھے۔ مظفرگڑھ سے تحصیل رپورٹر، چوک سرور شہید سے نامہ نگار، اڈا محمد والا سے نمائندہ خبریں کے مطابق چوک سرور شہید میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی جانب سے سیاسی شو کیاگیا، اجتماع میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ رحیم کھر اور علمدار قریشی نے صوبائی اسمبلی سے اپنے استعفے صوبہ محاذ کے حوالے کیے جبکہ پی پی 259 سے مسلم لیگی ایم پی اے خان محمدخان جتوئی کے بیٹے شہروز جتوئی نے انکا استعفیٰ صوبہ محاذ کے قائدین کے حوالے کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ محاذ میں شامل ہونے والے ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ صوبہ محاذ کے قائدین کیساتھ بہت پہلے سے رابطے میں تھے، ان کا کہنا تھا کہ صوبہ محاذ کی جانب سے ان سے انتخابات کے بعد 6 ماہ کے اندر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ کیاگیا ہے۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے جنرل سیکرٹری طاہر بشیر چیمہ کاکہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب سمجھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کے لوگ نیا صوبہ نہیں چاہتے تو وہ اس حوالے سے ریفرنڈم کرالیں۔ رانا قاسم نون کا کہنا تھا کہ انکی تحریک عوام کے حقوق کے لیے ہے۔مخدوم باسط سلطان بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک کے ذریعے جلدالگ صوبہ ملے گا۔ طاہر اقبال چودھری اور نائب صدرصوبہ محاذ سمیع اللہ چودھری نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کی اکثریت الگ صوبے کی حامی ہے اور آئندہ کچھ روز میں صوبہ محاذ میں مزید ارکان اسمبلی شمولیت اختیار کریں گے۔ کرمداد قریشی سے نامہ نگار کے مطابق میاں علمدار عباس قریشی کا کہنا تھا کہ اب بھی مشاورت سے یہ اقدام اٹھایا ہے اور آئندہ بھی ایک ہی پلیٹ فارم سے سیاست کریں گے۔ خان پور بگا شیر سے نمائندہ خبریں کے مطابق جلسہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے حوالہ سے ریفرنڈم ثابت ہوا۔ اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک جمعہ کھنڈویہ خان پور بگا شیر سے سب سے بڑا قافلہ لے کر پنڈال میں پہنچے۔ مترو سے نمائندہ خبریں کے مطابق صوبہ جنوبی پنجاب محاذ کے نائب صدر و ایم این اے طاہر اقبال چودھری نے کہا ہے کہ پہلی بار جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کو بلا کر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مشاورت کرنا جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی پہلی کامیابی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جنوبی پنجاب مخالف کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ خان سجاد خان کھچی اور چودھری محمد ظفر ارائیں بھی موجود تھے۔ اوچشریف سے نمائندہ خبریں اور نمائندہ خصوصی کے مطابق ایم پی اے و سجادہ نشین اوچشریف مخدوم سید افتخار حسن گیلانی بھی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہوگئے۔ مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے خسرو بختیار سے ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فون پر ”خبریں“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سے جو ناانصافیاں کی ہیں ان کے ازالے کی گھڑی آگئی ہے۔
صوبہ محاذ

 


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain