کراچی (ویب ڈیسک ) شہر قائد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے ہڑتال کی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں دھرنے بھی دیے جارہے ہیں۔کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے خلاف جماعت اسلامی کا کراچی میں احتجاج جاری ہے جس کے دوران جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ملیر 15، کالا بورڈ، شاہ فیصل نمبر 2، اورنگی ٹاو¿ن، دہلی کالونی اور لیاری میں ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔دھرنے کے باعث ملیر 15 کے قریب ٹریفک جام ہوگیا اور اسکول و کالج جانے والے طلبہ اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب لیاری میں جماعت اسلامی کی ہڑتال کے باعث متعدد نجی اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔جماعت اسلامی کی ہڑتال کی کال کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ” مشتعل افراد“ بھی متحرک ہوگئے ہیں اور زبردستی دکانیں بند کرانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورہ کراچی کے موقعے پر شہر میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا ، آج 5 روز گزرنے کے بعد صورت حال جوں کی توں ہے، کے الیکٹرک کو گیس فراہم کر دی گئی مگر لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں ہوئی ، اس وقت کراچی بد ترین مسائل سے دوچار ہے اور انتظامیہ اور حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی، شہری بجلی اور پانی کو ترس گئے ہیں۔