لندن(ویب ڈیسک) نومنتخب برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کی ایک تصویر پر شدید تنقید کی جارہی ہے جس میں انہیں طاقت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے گزشتہ روز وزیرداخلہ ایمبررڈ کے استعفے کے بعد ساجد جاوید کو اس عہدے پر تعینات کیا اور آفس میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے جب وہ وزارت داخلہ پہنچے تو انہوں نے ایک منفرد انداز سے فوٹوگرافرز کو پوز دیا جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے ۔وزیر داخلہ ساجد جاوید نے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل دونوں ٹانگوں کو پھیلا کر تصویر کھنچوانے کے لئے پوز دیا جسے ٹوئٹر صارفین طاقت کے اظہار اور مغروریت سے تعبیر کر رہے ہیں۔ساجد خان اس طرح کا پوز دینے والے پہلے برطانوی سیاستدان نہیں، ان سے قبل موجودہ وزیراعظم تھریسامے، سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور کنزرویٹو پارٹی کے سابق پارلیمانی رکن جارج اوسبورن بھی اس قسم کا پوز دے چکے ہیں۔
