ممبئی (شوبز ڈیسک) معروف فلم ساز بونی کپور اپنی آنجہانی اہلیہ معروف اداکارہ سری دیوی کے نام کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کرلیا بونی کپور کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم ساز اپنی بیوی کے نام پر میوزیم بنا کر انہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اداکار کے نام سے بنائے جانے والے میوزیم میں اداکارہ کی انتہائی خاص تصاویر، ویڈیوز اور استعمال میں رہنے والی اشیاءکو بھی رکھا جائے گا۔میوزیم میں اداکار کے فلمی کیریئر سمیت ان کی دیگر زندگی کے اہم واقعات کو بھی دستاویزی شکل میں محفوظ کیا جائے گا۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ میوزیم کس جگہ اور کتنے عرصے کے اندر کھولا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ پہلے ان سری دیوی کی زندگی پر دستاویزی فلم بنائے جائے گی، جس کے بعد ہی میوزیم کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔خیال رہے کہ سری دیوی رواں برس 24 فروری کو دبئی کے نجی ہوٹل میں نہانے کے دوران پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی، جس وجہ سے نہانے کے دوران وہ بے ہوش ہوگئیں۔سری دیوی دبئی میں اپنے شوہر اور چھوٹی بیٹی خوشی کپور کے ساتھ خاندان کی ایک شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں، جہاں وہ ’ایمیریٹس ٹاورز‘ ہوٹل میں ٹھہریں تھیں۔