لندن(آئی این پی) جمعرات سے لارڈزکے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کےلیے ٹیم انتظامیہ کوفائنل الیون کی تشکیل دینے میں مشکلات کاسامنا ہے ۔ قومی کرکٹ ٹیم لیسٹر میں دو روزہ وارم اپ میچ کھیل کرلندن واپس پہنچ گئی ہے جہاں جمعرات سے لارڈزکے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا۔سرفرازالیون پیرکو آرام کیا جبکہ منگل اوربدھ کولارڈز میں ٹیسٹ سیریزکیلئے پریکٹس کا آغاز ہوگاجس میں ٹیم اپنی خامیاں دورکرنے کی کوشش کرےگی۔لارڈز میں کھیلنا ہرکرکٹرکیلئے اعزاز ہوتاہے، اس صورتحا ل میں کس کو رکھے کسے نکالے ،قومی ٹیم انتظامیہ کو لارڈز ٹیسٹ کیلئے حتمی الیون تشکیل دینے میں مشکلات کاسامنا ہے۔محمدعباس کے سوا پاکستان کا پیس اٹیک اب تک غیر موثرثابت ہواہے۔محمد عامر نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں زخمی ہونے کے باوجوداچھی بولنگ کرائی تاہم وارم اپ میچ میں انہیں آرام دیاگیا۔لیسٹرشائرکے میچ میں راحت علی،حسن علی اورآل رانڈر فہیم اشرف تینوں کی بولنگ متاثرکن نہیں رہی۔ واحد ایک اسپنرشاداب خان کی بولنگ اب تک بہت اچھی رہی ہے لیکن ان کاساتھ دینے کوکوئی دستیاب نہیں۔اوپنروں اظہرعلی اور فخرزمان نے وارم اپ میچ میں نصف سنچریاں بنائیں۔ جبکہ امام الحق آئرش ٹیم کے خلاف فتح گراننگ کھیل چکے ہیں۔ٹیم کافیصلہ اب دو روزہ پریکٹس کے بعدہی ہو سکے گا۔پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 24مئی سے لندن، لارڈز میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ پاکستان کی ٹیم نے 5وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان اور لیسسٹر شائر کے درمیان کھیلا گیا دو روزہ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم جون سے 5جون تک لیڈز میں کھیلا جائیگا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی 20میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائیگی جس کا پہلا میچ 12جون کو کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا اور آخری ٹی 20کرکٹ میچ 13جون کو کھلا جائیگا۔ ٹی 20سیریز کے دونوں میچز ایڈن برگ کے مقام پر کھیلے جائینگے۔
