دبئی (اے پی پی) انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان کے اظہرعلی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں 12ویں نمبر پر موجود ہیں، اسد شفیق 6 درجے ترقی پا کر 26ویں نمبر پر آ گئے، حارث سہیل کی 13 اور بابراعظم کی 14 درجے ترقی ہوئی ہے، فاسٹ باﺅلر محمد عباس 9 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، محمد عامر کی 5 درجے ترقی ہوئی ہے، حسن علی 26 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 61ویں نمبر پر آ گئے، شاداب خان کی بھی ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں انٹری ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ و باﺅلنگ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میچ میں فتح کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے، بلے بازوں میں آسٹریلوی کرکٹر سٹیون سمتھ بدستور سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی دوسرے اور جوروٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اظہرعلی 12ویں نمبر پر موجود ہیں، ایلسٹرکک ایک سیڑھی چڑھ کر 15ویں نمبر پر آ گئے، جونی بیئرسٹو 3 درجے تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر چلے گئے، اسد شفیق 6 درجے اوپر چڑھ کر 26ویں نمبر پر آ گئے، بین سٹوکس 6 درجے گر کر 31ویں اور سرفراز احمد 4 درجے نیچے گر کر 41ویں نمبر پر چلے گئے، حارث سہیل 13 درجے ترقی پا کر 80ویں اور بابراعظم 14 درجے ترقی پا کر 86ویں نمبر پر آ گئے، فہیم اشرف کی 8 درجے تنزلی ہوئی ہے، وہ 89ویں نمبر پر چلے گئے، دوسری جانب کگیسوربادا دنیا کے نمبر ایک باﺅلر برقرار ہیں، جیمز اینڈرسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں، محمد عباس لارڈز ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لیکر 9 سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے۔، محمد عامر کی بھی 5 درجے ترقی ہوئی ہے، وہ 32ویں نمبر پر آ گئے، حسن علی 26 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 61ویں نمبر پر آ گئے، شاداب خان کی بھی ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں انٹری ہوئی ہے، انہوں نے 96ویں پوزیشن سنبھال لی، آل راﺅنڈرز میں شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
