لاہور( خصوصی رپورٹ)دہی ایک نہایت بہترین اور صحت بخش غذا ہے اور ہمارے روزمرہ کے تقریباً تمام ہی کھانوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ دہی کے رائتے کے بغیر تو دسترخوان ہی ادھورا سا لگتا ہے۔ دہی میں ہماری صحت و تندرستی کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی ضروری وٹامنز کی خصوصیات کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔ کریمی سفید رنگت کا حامل دہی نہ صرف جسمانی صحت کیلئے مفید فائدہ مند ہے بلکہ اس میں موجود قدرتی صحت بخش اجزاءکی خصوصیات جلد کو صحتمند اور بالوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اس میں بڑی مقدار میں (لیلٹک ایسڈ) کی خوبی موجود ہوتی ہے جو جلداور بالوں کی نگہداشت و حفاظت کیلئے بہت کارآمد ہے۔ دہی کا استعمال پرانے وقتوں کے دور سے کیا جا رہا ہے اور خواتین ایکنی ودانوں سے نجات پانے کیلئے اس کا استعمال کیا کرتی تھیں۔ یہاں تک کہ قدیم مصر کی حسین قلوپطرہ اپنی جلد کو حسین وجوان لک دینے اور تروتازگی عطا کرنے کیلئے دہی سے غسل کرنے کے حوالے سے مشور ہے۔ جلد پر قدرتی نمی اور چمک پیدا کرتا ہے۔ دہی کی مدد سے آپ تھکی ہوئی‘ پژمردگی کی شکار اور گہری رنگت کی حامل جلد کو دوبارہ درستگی کی جانب لا سکتی ہیں اور اس میں قدرتی دلکشی و نکھار پیدا کر سکتی ہیں۔ ایک پیالے میں گاڑھا دہی لیں۔ اس کو ہلکے سے نم چہرے پر نہایت ملائمت کے ساتھ اپلائی کر کے آہستگی سے مساج کریں اور 10‘ 15منٹ کیلئے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد نل کے سادے پانی سے چہرہ دھو کر صاف کر لیں۔ دہی میں موجود لیلٹک ایسڈ قدرتی ہائیڈرو آکسائل ایسڈ ہے جو جلد کو نمی اور ہمواریت فراہم کرنے اور ایکسٹولیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اپنی جلد کو قدرتی چمک اور نکھار عطا کرنے کیلئے آپ ہوم میڈفیس پیک دہی کی مدد سے تیار کر کے استعمال کر سکتی ہیں۔ بھیگی ہوئی مسور کی دال‘ سنگترے کے خشک چھلکے اور دہی کو گرائنڈر میں ڈال کر پیس لیں اور اس کو اپنے چہرے پر 20‘ 25منٹ تک لگا کر چھوڑ دیں‘ جب ماسک ہلکا ہلکا خشک ہوجائے نہایت آہستگی سے چہرے کا انگلیوں کو گول دائرے میں حرکت دیتے ہوئے مساج کر لیں اور چہرہ دھو لیں۔ آپ اپنے چہرے کی رنگت میں نکھار محسوس کریں گی اور آپ کی جلد پر شادابی اور تازگی آ جائے گی۔ اگر آپ کی جلدخشک ہے تو آپ اس میں شہد بھی شامل کر سکتی ہیں۔ شہد آپ کی جلد کو ضروری موئسچر اور ملائمت فراہم کرتا ہے۔ جلد پر سے مردہ خلیات کو صاف کرتا ہے۔ دہی میں جلد کو نمی پہنچانے کی صلاحیت بھرپور انداز میں موجود ہوتی ہے اور جلد کیلئے نہایت بہترین ہائیڈریٹنگ اسکرب ثابت ہوتا ہے۔ دہی حساس اور خشک جلد کی حامل خواتین کو تروتازہ شگفتہ احساس دینے کیلئے بھی انتہائی مفیدکارآمد ہے۔ قدرتی اور کیمیائی اجزاءسے پاک ہوم میڈ اسکرب تیار کر کے اپنی جلد کو خوبصورتی و رونق عطا کر سکتی ہیں۔ کھانے کے چمچے دہی میں ایک کھانے کا چمچہ جئی کا دلیہ مکس کر کے چہرے پر اپلائی کر لیں اور اس سے اپنے چہرے کا گول دائرے میں مساج کریں۔ آپ کی جلد نرم و ملائم اور صاف ستھری ہو جائے گی۔ آپ اگر بلیک ہیڈز اور وائٹ ہیڈز کی پریشانی سے دوچار ہیں تو دہی میں پسے ہوئے چاول مکس کر کے گاڑھا پیسٹ چہرے پر لگا کر مساج کر لیں اوراس کے بعد ٹھندے پانی سے چہرہ دھو کر ٹشو پیپر سے خشک کر لیں۔
ایکنی و پملز سے نجات دلاتا ہے:
آپ دہی کو اپنی روزمرہ کی ڈائٹ میں شامل کر کے یا اس سے فیس پیک بنا کر ایکنی کا علاج کر سکتی ہیں۔ دہی میں موجود ایسڈک خصوصیات کی وجہ سے یہ متعدد ایکنی پیدا کرنے والے بیکٹیریا فنگس اور جراثیموں کا جسم سے قلع قمع کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ایکنی وپمپلز کی پریشانی سے چھٹکارا پانے کیلئے آپ روزانہ دہی چہرے پر اپلائی کر سکتی ہیں۔
داغ دھبے سن برن اور سیاہ حلقوں کو کم کرتا ہے:
اگرآپ کی جلد پر کسی کیڑے مکوڑے کے کاٹنے یا دانے وغیرہ کا نشان ہو تو دہی کو پانی میں ملا کر متاثرہ حصے پر اپلائی کریں۔ یہ نہ صرف آپ کی جلد کو ٹھندک پہنچائے گا بلکہ نشان کو کم کر کے رنگت نکھارنے میں مدد کرے گا۔ روزانہ سورج کی تمازت کا سامنا کرنے سے جلد جھلس جاتی ہے۔ اس مشکل سے نجات پانے کیلئے آپ بیسن‘ دہی اور لیموں کے رس کا فیس پیک تیار کرکے متاثرہ حصہ پر اپلائی کر سکتی ہیں۔ آپ اس میں کیمومائل ایزنشل آئل کے چند قطرے بھی شامل کر سکتی ہیں۔ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بہت بدنما تاثر پیش کرتے ہیں۔ آپ انہیں ہلکا کرنے کیلئے اپنی آنکھوں کے گرد جلد پر 15منٹ کیلئے دہی اپلائی کر کے آرام سے لیٹ جائیں۔ آپ ہفتے میں خاطرخواہ فرق محسوس کریں گی۔