لاڈرہل(اے پی پی) کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز نے جمیکا تلاواز کو شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 183 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کولن منرو 67 اور ڈیرن براوو 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیوائن براوو نے 11 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگز کھیل کر حریف ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ڈیوڈ ملر اور فلپس کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، پائری کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ سی پی ایل کے سلسلے میں کھیلے گئے بارہویں میچ میں جمیکا تلاواز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 182 رنز بنائے، فلپس اور ملر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب دھنائی کی اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، فلپس 80 اور ملر 72 رنز بنا کر نمایاں رہے، پائری نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، کولن منرو نے 67 اور ڈیرن براوو نے 50 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، ڈیوائن براوو نے 11 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، عماد وسیم اور تھامس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
