نیروبی(ویب ڈیسک)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پسماندہ ممالک کا طرہ امتیاز ہے۔ اس قانون شکنی کی جہاں اور کئی صورتیں ہیں وہیں ایک عام مسئلہ اورلوڈنگ کا بھی ہے۔ خصوصاً پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو گاڑی میں بھر لینے کا رواج عام پایا جاتا ہے۔ آپ نے بھی اوورلوڈنگ کے یہ مناظر دیکھے ہوں گے ، لیکن ایسا کام کبھی نہیں دیکھا ہو گا جو اس افریقی ٹیکسی ڈرائیور نے کر ڈالا۔ نجی ٹیکسی چلانے والے اس ڈرائیور کو ایک چیک پوسٹ پر فوجی اہلکاروں نے روکا تو گاڑی کے اندر کا منظر دیکھ کر چونک گئے۔ گاڑی میں مسافر کچھ زیادہ ہی بھرے ہوئے تھے، مگر یہ کتنے تھے، یہ جان کر یقیناً آپ بھی حیرا ن رہ جائیں گے۔ جب اہلکاروں کے حکم پر مسافروں نے گاڑی سے نکلنا شروع کیا تو ایک کے بعد ایک مسافر نکلتا چلا آیا، حتٰی کہ کل 18 لوگ نکل آئے۔ جی ہاں، ایک کار میں سے ڈیڑھ درجن مسافر، ڈرائیور کے علاوہ، جبکہ اس گاڑی میں مسافروں کی کل گنجائش صرف پانچ تھی۔ گاڑی سے نکالے گئے مسافروں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل تھا۔ یہ سب پانچ افرادکی گنجائش والی گاڑی میں کس طرح بھرے گئے تھے، یہ بات ہر کسی کی سمجھ سے باہر ہے۔ اب آپ اسے کوئی آرٹ کہہ لیجئے یا ظالمانہ عمل، بہرحال اس ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔