نئی دلی(ویب ڈیسک)کہتے ہیں کہ پولیس والوں کی دشمنی اچھی نہ دوستی، اور واقعی یہ بات سچ ہے۔ بھارت میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے کو ہی دیکھ لیجئے، جہاں ایک خاتون پولیس اہلکار سے عشق لڑانے والا بدقسمت نوجوان اپنا ایک ہاتھ کٹوا بیٹھا ہے۔ذرائع کے مطابق اس نوجوان کا خاتون پولیس اہلکار جیالکشمی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے معاملات کچھ کشیدہ ہو گئے تھے۔ جیا لکشمی فوری شادی کرنا چاہ رہی تھی مگر نوجوان بوجوہ شادی سے کترا رہا تھا۔ جب جیا لکشمی کو یہ نوجوان ہاتھ سے نکلتا محسوس ہوا تواُس نے ایک ایسا بھیانک قدم اٹھا ڈالاکہ جس کا تصور کر کے ہیں انسان کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں۔اُس نے ایک نامی گرامی غنڈے سے کہہ کر نوجوان کا ایک ہاتھ کٹوا ڈالا ہے۔ سفاکانہ جرم کا ارتکاب کرنے والے مرکزی ملزم کا نام وجے بتایا گیا ہے جبکہ اس کے دوساتھی اندانا اور کمار بھی شریک جرم تھے۔ رپورٹ کے مطابق جیا لکشمی کو شبہ تھا کہ نوجوان کسی اور خاتون میں دلچسپی لینے لگا ہے اور اسی وجہ سے شادی کی تاریخ طے کرنے پر تیار نہیں ہورہا تھا۔ پولیس نے نوجوان کا ہاتھ کاٹنے والے غنڈوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کا کہنا ہے کہ جیا لکشمی نے انہیں پانچ لاکھ دے کر اپنے بوائے فرینڈ کا ہاتھ کاٹنے کو کہا تھا۔انہوں نے غیر معمولی درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سر عام نوجوان کا ہاتھ کاٹا اور پھر اسے قریبی تالاب میں پھینک دیا تا کہ دوبارہ اسے جوڑنے کی امکان بھی باقی نا رہے۔ بدقسمت نوجوان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جن میںاُسے خون میں لت پت حالت میں بیچ سڑک پر بے یار و مددگار پڑے دیکھا جاسکتا ہے۔