لاہو ر (ویب ڈیسک)ناخنوں کا کھردرا ہوجانا اورچھلکے بن کر جھڑنے لگنا بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ ناخنوں پر کوئی چوٹ آنا ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر یہ تب ہوتا ہے جب ہم ناخنوں سے کوئی سخت چیز کھولنے کی کوشش کرتے ہیں۔تاہم اگر یہ بغیر وجہ کے ہو تو سمجھ لینا چاہیے کہ آپ میں آئرن کی کمی واقع ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ اگر ناخنوں پر عمودی یا افقی لکیریں یا جھریاں سی بن جائیں اور ناخنوں کی رنگت تبدیل ہو جائے تو اس صورتحال کو قطعی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ گردے کی بیماریوں کی علامت ہو سکتی ہے۔ اگر ناخنوں کی اس شکل کے ساتھ آپ کو ذہنی پریشانی، جسمانی تھکاوٹ، وزن میں کمی اور پیشاب زیادہ آنے لگا ہے تو آپ کو واقعی فکرمند ہونا چاہیے اور ڈاکٹر سے فوری رجوع کرنا چاہیے۔اگر آپ کے ناخن سروں سے ٹوٹ کر جھڑنے لگے ہیں تو یہ بھی فکرمندی کی بات ہے۔ اگر اس کے ساتھ جسمانی کمزوری، جلد کی خرابی اور ہمہ وقت کی تھکان آپ کو لاحق ہے تو آپ کو بائیوٹن سپلیمنٹس لینے چاہئیں۔ اس سے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ناخنوں کا جزوی یا مکمل طور پر سیاہ ہو جانا سب سے زیادہ پریشان کن علامت ہے۔ اگر اس کے ساتھ ناخن سے خون بھی رِس رہا ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے کیونکہ یہ میلانوما (ایک طرح کی رسولی) یا کسی طرح کے کینسر کی علامت ہو سکتے ہیں۔