تازہ تر ین

تحریک انصاف ، پی پی فارغ …. ن لیگ کا پنجاب پر راج

لاہو(خصوصی رپورٹ)پنجاب میں بلدیاتی سربراہوں کے الیکشن میں مسلم لیگ ن نے کلین سوئپ کردیا اور پاکستان حریک انصاف اور پیپلزپارٹی پنجاب سے فارغ ہوگئی جبکہ مسلم لیگ ق ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کی حمایت ،رانا ثناءاللہ گروپ کی جیت، شیر علی گروپ ہارگیا، اٹک میں چودھری نثارکے بھانجے کو شکست اور گجرات میں چودھری شجاعت کی بہن ناکام ہوگئیں۔ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مسلم لیگ (ن)کے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ووٹرز کو مبارکباد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کی میونسپل کارپوریشنز، 32ضلعی کونسلز اور 123 میونسپل کمیٹیز کے میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینز اور وائس چیئرمینز کے انتخابات ہوئے۔ مسلم لیگ (ن)میونسپل کارپوریشن فیصل آباد، ڈیرہ غازیخان، گوجرانوالہ، بہاولپور اور ملتان میں مسلم لیگ (ن)کے ملک محمد رزاق، شاہد حمید چانڈیہ، شیخ ثروت اکرم، عقیل انجم ہاشمی اور نویدالحق آرائیں میئر اور ان کے پینل کے ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے ہیں۔ 32ضلع کونسلوں میں اکثریت چیئرمین ضلع کونسل مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر جبکہ 6آزاد اور ایک مسلم لیگ (ق) ایک خاتون وسیم ایمان چیئرمین ضلع کونسل اٹک منتخب ہوگئیں۔ ضلع کونسلوں کے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 6چیئر مین ضلع کونسلوں کا تعلق بھی مسلم لیگ (ن)سے ہے۔ اس طرح اب تک صوبے کی 11 میونسپل کارپوریشنوں اور 34ضلع کونسلوں کے چیئرمین مسلم لیگ (ن)سے وابستہ ہیں۔ لاہور کے بعد پنجاب کی تمام 10میونسپل کارپوریشنز میں بھی نواز لیگ کے میئر منتخب ہو گئے۔ فیصل آباد میں شیر علی گروپ کو اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا اور رانا ثناءاللہ گروپ نے میدان مار لیا۔ راولپنڈی میں سردار نسیم، سیا لکو ٹ سے توحید اختر، گوجرانوالہ میں شیخ ثروت اکرام، گجرات سے حاجی ناصر محمود، سرگودھا میں ملک اسلم نوید، ساہیوال سے اسد بلوچ بلامقابلہ میئر بن گئے۔ ملتان میں ن لیگ کے نوید آرائیں نے میئر شپ کا مقابلہ جیت لیا۔ بہاولپور سے عقیل نجم ہاشمی نے میدان مار لیا۔ ڈی جی خان سے شاہد حمید چانڈیہ نے کامیابی سمیٹی۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے کرنل (ر)مبشر پہلے ہی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے بلا مقابلہ لارڈ میئر منتخب ہو چکے ہیں۔ ضلع کونسل گجرات کے چیئرمین سمیت 4میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے میدان مار لیا، غیر ختمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع کونسل گجرات کے چیئرمین کے الیکشن پر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے چودھری محمد علی تنویر کوٹلہ گروپ نے 77 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کر لی۔ چودھری محمد علی تنویر کے بھائی عابد رضا ایم این اے جبکہ چودھریشبیر ایم پی اے ہیں ان کے مد مقابل ق لیگ کی امیدوار سمیرا الٰہی نے 63ووٹ حاصل کیے، سمیرا الٰہی ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین کی ہمشیرہ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی کزن ہیں۔ میونسپل کمیٹی جلالپور جٹاں ق لیگ کے ہاشم شاہ 16ووٹ لیکر چیئرمین ان کے مدمقابل ن لیگ کے محمد شہباز نے 15ووٹ حاصل کیے۔ مونسپل کمیٹی لالہ موسی کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے ندیم اصغر کائرہ 20ووٹ لیکر چیئرمین منتخب ہوگئے ان کے مدمقابل آزاد امیدوار بشیر بھٹی نے 11ووٹ حاصل کیے۔ میونسپل کمیٹی کھاریاں سے مسلم لیگ ن کے شیخ حفیظ 10ووٹ لیکر چیئرمین ان کے مد مقابل آزاد امیدوارمحمد اسلم نے 6ووٹ حاصل کیے۔ میونسپل کمیٹی کنجاہ سے ن لیگ کے حسن رانا 7ووٹ لیکر چیئرمین ان کے مد مقابل آزاد امیدوار فیض احمد نے3 ووٹ حاصل کیے۔ضلع کونسلوں کے انتخابات میں 7وفاقی وصوبائی وزراءاراکین اسمبلی اور سابق ضلع ناظم چیئرمین بھی ضلع کونسلوں کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں ان میں محمد افضل تارڑ چیئرمین ضلع کونسل حافظ آباد، سابق وزیر گل حمید خاں روکھڑی چیئرمین ضلع کونسل میانوالی، سابق ایم این اے و ضلع ناظم چودھری زاہد نذیر چیئرمین ضلع کونسل فیصل آباد، سابق صوبائی وزیر غلام محی الدین چیئرمین ضلع کونسل وہاڑی سابق وفاقی وزیر بیگم سمیرا ملک چیئرمین ضلع کونسل خوشاب اور اظہر خاں لغاری چیئرمین ضلع کونسل رحیم یارخاں کے نام شامل ہیں۔اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ووٹروں کو مبارکباد دی ہے۔ پارٹی کارکنوں کی سخت محنت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی پالیسیوں پر بڑے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی بڑی ذمہ داریاں اور فرائض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے منتخب میئرز اور چیئرمین نچلی سطح پر عوام کے مسائل کو بہتر طور حل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موثر بلدیاتی نظام کے بغیر دنیا کی کوئی جمہوریت بہتر طور کام نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک مضبوط اور بہتر پاکستان کیلئے ہماری روشن خیال پالیسیوں کا عوام نے کھلے دل سے خیر مقدم کیا ہے جنہوں نے ہمیں ووٹ دیئے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منتخب نمائندے اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain