اسلام آباد : ( نامہ نگار خصوصی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان میں تیارکردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے بالآخریہ دکھائی دینے لگاہے کہ پاکستان میں ہمیں ایسے انتخابات میسر آئیں گے جن میں حصہ لینے والے تمام امیدوار نتائج تسلیم کرینگے ۔ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معائنہ کی اپنی تصویرشیئر کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی شبلی فراز اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس 2020 میں خواتین کی 1500میٹر ریس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہالینڈ کی سیفان حسن اپنے سے آگے گرنے والی ایتھلیٹ سے ٹکرا کر گر گئیں ، اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سیفان حسن کا ٹوکیو اولمپکس میں سفر اختتام پذیر ہوچکا تاہم انہوں نے شاندار ریکوری کے دوران تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ریس اپنے نام کرلی ۔
عمران خان نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کے تمام نوجوان یہ ریس دیکھیں اور سب سے اہم سبق سیکھیں جو کھیلوں نے مجھے سکھایا کہ آپ صرف تبھی ہارتے ہیں جب آپ ہار مان لیتے ہیں۔