ہالی وڈ کی مشہور فلم ‘فاسٹ اینڈ فیوریس’ کےکردار وین ڈیزل نے اپنے آنجہانی دوست پال واکر کی کمی پوری کرتے ہوئے ان کی بیٹی میڈو واکر کی شادی میں اس کا ہاتھ تھاما اور ایک باپ کی طرح اسے اسٹیج تک لے گئے۔
ہالی وڈ کی ایکشن، تھرل اور خطرناک مناظر سے بھرپور فلمی سیریز ‘فاسٹ اینڈ فیوریس’ کے ہیرو آنجہانی پال واکر کی اکلوتی بیٹی اور ماڈل میڈو واکر نے شادی کرلی ہے۔
میڈو واکر نے شادی کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وین ڈیزل اپنے کی دوست کی کمی پوری کرتے ہوئے میڈو واکر کا ہاتھ تھام کر اسے اسٹیج تک لے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ وین ڈیزل اور پال واکر نے 2001 سے شروع ہونے والی فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی 6 فلموں میں ساتھ کام کیا تھا جب کہ 2013 میں جب سیریز کی ساتویں فلم کی شوٹنگ شروع ہوچکی تھی تو پال واکر ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے، ان کی موت کے بعد فلم کےکچھ بقیہ رہ جانے والے مناظر ان کے بھائی نے عکس بند کروائے۔
خیال رہے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کا شمار ہالی وڈ کی کامیاب ترین سیریز میں ہوتا ہے۔ پال واکر اور وین ڈیزل کو 2002 میں بہترین آن سکرین جوڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔