تازہ تر ین

توہین عدالت کیس،لندن سے بیان حلفی منگوالیا، رانا شمیم۔فرد جرم کا فیصلہ موخر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت رانا شمیم پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے ایک بار پھر ان سے بیان حلفی طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر کیس کی سماعت ہوئی۔ سابق چیف جج رانا شمیم عدالت میں پیش ہوئے جہاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ یہ محض توہین عدالت کا کیس نہیں بلکہ یہ میرا احتساب ہے، خبر کی سرخی سے یہ تاثر دیا گیا کہ ججز ہدایات لیتے ہیں،عوام کا اس عدالت پر اعتماد اس ایک خبر سے خراب ہوا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کوئی تین سال بعد زندہ ہو کر آ جائے تو اسکے پاس کوئی گرانڈ تو ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کہتے ہیں کہ نوٹری پبلک نے دستاویز لیک کیا، اگریہ جواب برطانیہ میں ریگولیٹر کو بھیج دیں تو نوٹری پبلک کیلئے مسئلہ بن جائے گا۔ سماعت کے دوران سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے نے کہا کہ ہماری تاریخ بڑی تلخ ہے جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تاریخ میں نہ جائیں، میں صرف اس ہائیکورٹ کا ذمہ دار ہوں، میں نے پہلے کہا کہ یہاں کوئی سیاسی تقریر نہیں سنوں گا، انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ تاریخ تلخ ہے، یا تو اس عدالت کا کوئی فیصلہ بتا دیں جس میں ایسا کچھ ہوا، آپ نے بھی تو کوڑے کھائے ہیں وہ بھی تو تلخ حقیقت ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے کوئی کچھ بھی کہہ دے میں توہین عدالت کی کارروائی نہیں کروں گا، لیکن جب کوئی لوگوں کے اعتماد کو خراب کرنے کی کوشش کریگا تو عدالت برداشت نہیں کرے گی۔ عدالت میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ رانا شمیم نے تسلیم کیا ہے کہ انکا بیان حلفی لیک کرنے کا مقصد عدلیہ کی تضحیک ہے، عدالت توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرے۔ جبکہ انصار عباسی نے کہا کہ رانا شمیم نے مجھے بیان حلفی کی خبر شائع کرنے سے نہیں روکا۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ تو دیکھتے 15 جولائی 2018 کو اپیل دائر ہی نہیں تھی۔ آپ نے جواب دے دیا ہم بین الاقوامی پریکٹس کے تحت چلیں گے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت رانا شمیم پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے ایک بار پھر ان سے بیان حلفی طلب کر لیا ،چیف جسٹس نے کیس کی سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain