میانمار کی ملٹری کورٹ نے فوجی بغاوت کے بعد معزول کی گئیں حکمراں آنگ سان سوچی کو دو الزامات پر مزید 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوجی عدالت نے معزول حکمراں نوبل انعام یافتہ 72 سالہ آنگ سان سوچی کو 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
فوجی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی حکمراں نے اپنے لیے واکی ٹاکی برآمد کیا اور غیر قانونی طور پر استعمال کیا جب کہ وہ کورونا پابندیوں کی خلاف ورزی کی بھی مرتکب پائی گئیں۔
یہ واکی ٹاکی یکم فروری کو فوج بغاوت میں آنگ سان سوچی کی گرفتاری کے وقت ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔ اقتدار پر قبضہ کرنے والے آرمی چیف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے کئی شہروں میں تاحال مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جسے طاقت سے کچلنے کے حکم کے بعد سیکڑوں مظاہرین کو قتل کیا جا چکا ہے۔
حال ہی میں ایک ایسی جلی ہوئی گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت 30 سے زائد مسخ شدہ لاشیں موجود تھیں۔