زندگی میں کہیں نہ کہیں جا کر ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ اب جلد کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔ جب جلد کو توجہ دینے کی بات ہے تو آپ کے لیے چند آسان بیوٹی ٹپس موجود ہیں تاکہ آپ کسی بھی موقع پر بہترین نظر آسکیں۔
٭ایک انڈے کی سفیدی کو پھینٹ لیں اس میں دو کھانے کے چمچ کھیرے کا گودا شامل کریں، ان دونوں چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں اور چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کےلئے چھوڑ دیں پھر پانی سے دھو لیں۔ جلد جگمگاتی روشن ہوجائے گی۔
٭ چہرے کے سیاہ دھبوں اور چھائیوں کے لیے شہد اور زعفران برابر مقدار میں ملا کر پیسٹ بنا لیں ۔اسے جلد کے متاثرہ حصے پر لگائیں ،پندرہ بیس منٹ بعد چہرہ دھو لیں۔اسکا استعمال جاری رکھنے سے چھائیاں جلد ہی غائب ہو جائیں گی ۔
٭اگر آپ چہرے پر غیر ضروری بالوں سے پریشان ہیں تو شہد،لیموں کا رس اور جوکے دلیے کو استعمال کریں۔شہد دو کھانے کے چمچ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ اور ایک کھانے کا چمچ جو کا دلیہ، ان کا مکسچر تیار کر کے اپنے چہرے پر لگائیں 15 منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں ،ہفتے میں دو سے تین بار یہ عمل دہرائیں ایک مہینے کے دوران واضح فرق محسوس کریں گے۔٭٭٭
٭اگرآپ کی آنکھوں کے نیچے آئی بیگس موجود ہیں توگرین ٹی بیگس کو گیلا کرکے آنکھوں پرلگائیں۔
٭چہرے سے مہاسے دور کرنے کے لیے مسور کی دال کا ابٹن ، دودھ میں ملا کر دن میں دو بار لگانا مفید ہے۔ اس سے نہ صرف مہاسے دور ہوتے ہیں بلکہ چہرے کی رونق بھی بڑھتی ہے۔
٭سنگترے کے چھلکے سکھا کر باریک پیس لیں۔ اس سفوف کو پانی میں یا خشک جلد والے، دودھ میں حل کر کے چہرے پر ملیں۔ اس سے چہرے کے داغ دھبے اور پھنسیاں دور ہو جائیں گی۔
٭کیل مہاسوں پر قابو پانے کے لیے کڑوے بادام پیس کر اور دودھ میں ملا کر لگائیں۔
٭ دس نیم کی کونپلیں پیس کر چہرے پر لیپ کر لیجیے اور 30 منٹ بعد چہرہ دھو ڈالیے۔ اس کے مسلسل استعمال سے چہرے کے داغ دھبے، کیل مہاسے وغیرہ دور ہوں گے، رنگت میں نکھار آئیگا ۔
٭ٹماٹر کے جوس میں دو چارقطرے لیموں کے رس کے شامل کریں، اس کے بعد اس میں کاٹن بال کو اس مکسچر میں بھگوئیں اور اس کو اپنے چہرے پر لگا لیں۔اس مکسچر کو پندرہ منٹ تک چہرے ہر لگے رہنے دیں اور پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔چہرے کی جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔
٭15باداموں کو پوری رات کے لیے بھگو کے رکھ دیں۔صبح کوان باداموں کو میش کرلیں اور اس میں ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس شامل کرلیں۔ اب اس پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگالیں اور آدھے گھنٹے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔چہرے کی جلد نرم و ملائم ہوجائے گی۔