تازہ تر ین

کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ: جماعت اسلامی کا شہر بھر میں احتجاج کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے شہر بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
گلبرگ، نیو کراچی، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، محمودآباد میں مظاہرے ہونگے۔ اختر کالونی، دہلی کالونی، شیریں جناح کالونی، برنس روڈ، لیاری میں مظاہرے ہونگے۔ ناظم آباد، بفرزون، گلشن حدید، داود چورنگی سمیت دیگر مقامات پر بھی احتجاج ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ پر عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے لوڈشیڈنگ کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر دھرنے کا عندیہ دے دیا۔
دوسری جانب ملک میں توانائی کا بحران سنگین صورتحال اختیارکرنے لگا ہے۔ مختلف شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے کے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 743 میگاواٹ پر پہنچ چکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 757 میگا واٹ جب کہ طلب 25 ہزار2 سو میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق پن بجلی ذرائع سے 5 ہزار 37 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 821 میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 717 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس 535 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ بگاس پاور پلانٹس سے 162 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 2 ہزار 372 میگاواٹ اور سولر پاور پلانٹس سے 114 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ شارٹ فال میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain