کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا کی پولیس نے صدارتی محل سے چوری کیے گئے سونے کی اشیاء کو فروخت کرنے والے 3 مظاہرین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کی پولیس نے 3 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والوں پر صدارتی محل سے سونے کی قیمتی اشیاء کی چوری اور انھیں فروخت کرنے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق ان افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے 40 سے زائد قیمتی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔ ملزمان کو کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 19 جولائی کو ہزاروں مظاہرین نے صدارتی محل اور وزیراعظم کی نجی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا تھا اور آگ لگادی تھی جس کے بعد صدر نے استعفیٰ دیدیا تھا۔
