سیالکوٹ: (کوہ نورنیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیلاب میں ہمارے ہزاروں لوگ جاں بحق ہوئے ہیں، روزگار کے ذریعے تباہ ہو گئے ہیں، نہیں معلوم آنے والے دنوں میں فصلوں کا کیا بنے گا؟ قحط کی صورتحال بھی ہو سکتی ہے تو ایسے حالات میں پی ٹی آئی کی دو آڈیوز سامنے آئی ہیں اور ان میں جو گفتگو ہوئی ہے وہ سب نے سن لی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ شوکت ترین کی گفتگو سن کر انتہائی دکھ ہوا، اس وقت وطن پر اٹیک نہ کریں، ہمیں اٹیک کریں، اقتدار کی ہوس میں ملک کو تباہ نہ کیا جائے، آئی ایم ایف کے پیسے قوم کے لیے ہیں، مہنگائی سے نجات کیلئے ہیں۔
انہوں نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہو کر سری لنکا بن جائے، انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی، اقتدار مستقل نہیں ہوتا، وزارت عظمیٰ آج چوتھی بار مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، مصیبت کے وقت بھی یہ لوگ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں وطن سے محبت ہے تو اس منصوبے پر عمل نہ کریں، ملک مشکل میں ہے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا یہ منصوبہ بھی بالکل اسی طرح ناکام ہو گا جیسے پہلے منصوبے ناکام ہوئے ہیں۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ انہیں ہمارے ساتھ اختلاف کرنا ہے تو کر لیں، ہم وفاق میں حکومت کر رہے ہیں اور سارے ملک کی ذمہ داری لیتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم مل کر اس آفت کا مقابلہ کرے، تمام اختلافات و رنجشیں پس پشت ڈال کر ایک قوم ہونے کا ثبوت دے، سیلاب متاثرین ہماری امداد کے منتظر ہیں، جو محفوظ علاقوں میں ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی امداد کریں۔
سینئر سیاستدان اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف نے بھی کہا ہے کہ سیاست بعد میں ہوتی رہے گی، اس وقت مشکل وقت کا مقابلہ کریں۔