کراچی (صباح نیوز) بحیرہ عرب میں پاکستان نیوی کے زیراہتمام پانچ روزہ کثیرالملکی بحری مشقیں آج (جمعہ) سے شروع ہونگی مشقوں میں شرکت کے لئے روس، چین، ترکی،سعودی عرب، ایران اور سری لنکا سمیت کئی ممالک کے بحری جہاز جمعرات کو کراچی پہنچ گئے ہیں، مشقوں میں چین، روس، امریکا، جاپان، ترکی، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت 38 ممالک کی افواج شریک ہونگی۔5 روزہ مشقوں میں پہلی بار روس کا بحری بیڑا اور فورس بھی شریک ہوگی اور روس کا بحری جہاز امن مشقوں میں پہلی بار شرکت کے لیئے کراچی پہنچا ہے جبکہ امریکی بحریہ بھی اپنے بحری اثاثوں اور اسپیشل آپریشنز فورس کے ساتھ شرکت کررہی ہے چینی بحریہ بھی تین بحری جہازوں اور اسپیشل آپریشنز فورس امن مشقوں میں شرکت کریں گی ، پاک بحریہ کی ان امن مشقوں میں شرکت کے لیے روس، چین، ترکی اور سری لنکا کے بحری جنگی جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو گئے ہیں جبکہ فرانس، جاپان، انڈونیشیا، اور اٹلی سمیت برطانیہ کے جہاز چینل میں داخل ہو ئے ہیں۔وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی کے مطابق بحری امن مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ اس کا مقصد ضرورت پڑنے پر ایک دوسرے کی مدد کرنا ہے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا عمل ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف جارحانہ رہا ہے لیکن ہم ایک مضبوط قوم ہیں اور سمندر پر حاوی بھی اگر بھارت ہماری سمندری حدود میں جارحانہ عزائم لے کر آئے گا تو بچ کر نہیں جاسکتا۔واضح رہے کہ سال دوہزار نو سے پاک بحریہ نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دوسری معروف بحری قوتوں کے ساتھ CTF 151 میں شمولیت حاصل کی جو کہ بحری قزاقی کی روک تھام کے لیے کام کرتی ہے، پاک بحریہ کے جہاز شمالی بحیرہ عرب کے ساتھ ساتھ خلیج عدن کے پانیوں میں بھی عالمی سمندری تجارت کو یقینی بنارہے ہیں۔امن مشقوں میں چھتیس ممالک کے بحری یونٹس اپنے آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیئے مشق میں حصہ لے رہے ہیں جو10 فروری تا14فروری تک جاری رہے گی، بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہوگی۔