اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جاپان نے پاکستان میں تباہ کن سیلابی صورت حال کے دوران متاثرین اور بحالی کے کاموں کے لیے 7 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے لیے ہنگامی امداد سے متعلق منصونے کا اعلان جاپانی وزیر برائے امور خارجہ ہیاشی یوشیماسا نے کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں جاپانی سفیر واڈا میتسوہیرو نے کہا ہے کہ میں حکومتِ جاپان پاکستانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، اس کے علاوہ اہم انفرا اسٹرکچر اور وسیع پیمانے پر نظام زندگی درہم برہم ہو چکا ہے۔ قدرتی آفت سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریسپانس پلان 2022 کے ایک حصے کے طور پر ہم اجتماعی اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے اپنی امداد میں توسیع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر صحت، خوراک،غذا، پانی ،صفائی ستھرائی اور پناہ گاہوں سمیت دیگر ہنگامی ضروریات کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔